کراچی: (دنیانیوز) نیوکراچی میں اہلسنت والجماعت کراچی کے مقامی رہنما سلیم کھتری قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق نیو کراچی سیکٹر فائیو جی میں سلیم کھتری کو گھر کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایاگیا ، جہاں 2موٹرسائیکلوں پر4ملزمان آئے ، مولانا سلیم کھتری جب گھر سےباہر نکلےتوملزمان نےفائرنگ کردی ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مولانا سلیم کھتری کو 5 گولیاں لگیں اور انہیں شدید زخمی حالت میں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے ۔
پولیس کاکہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ابتدائی طور پر ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے اس حوالے سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
ترجمان اہلسنت والجماعت کے مطابق مقتول اہل سنت و الجماعت کراچی ڈویژن کے رہنما اور صوبائی قانونی مشیر تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 9 میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں مسجدکے مہتمم جاں بحق ہوگئے تھے ۔