سوات: پولیس اہلکار کی سکول وین پر فائرنگ، ایک طالبہ جاں بحق، ٹیچر سمیت 5 زخمی

Published On 16 May,2023 09:45 pm

سوات : (دنیا نیوز) پولیس اہل کار نے چھٹی کے ٹائم پر سکول کے باہر کھڑی وین پر فائرنگ کردی جس کے سبب ایک طالبہ جاں بحق اور خاتون ٹیچر سمیت 5 زخمی ہوگئیں۔

افسوسناک واقعہ سوات کے علاقے سنگوٹہ میں اس وقت پیش آیا جب سکول کی چھٹی ہوگئی تھی اور طالبات وین میں بیٹھ رہی تھیں سکول کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار علم خان نے فائرنگ کردی۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پرپہنچ گئیں، زخمی بچیوں کو سیدو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک بچی نے دم توڑ دیا، ملزم سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔

نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے سوات کے نجی سکول میں پولیس اہلکار کی فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام کو واقعہ میں ملوث اہل کار کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

نگران وزیر اعلی اعظم خان نے کہا کہ واقعہ کی صاف و شفاف تحقیقات کرکے ملوث اہل کار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، ہسپتال انتظامیہ زخمی ہونے والے دیگر بچوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ 

Advertisement