شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی پر دہشت گردوں کا حملہ ، زیرحراست 3ملزمان ہلاک

Published On 18 May,2023 09:48 am

پشاور: (دنیانیوز) شمالی وزیرستان میں عیدک پل کے قریب سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں نے حملہ کیاہے، دہشت گردوں کی فائرنگ سے زیر حراست تین ملزمان موقع پر ہلاک ہو گئے۔

سی ٹی دی پشاور حکام کے مطابق گھات لگائے دہشت گردوں نے اچانک سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی ، جس کے بعد اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔

سی ٹی ڈی حکام کاکہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران ایک حملہ آور دہشت گرد کی لاش ملی ہے، ہلاک دہشت گرد کی شناخت ناہید عرف باطور ہرمز کے نام سے ہوئی ہے جو کہ میر علی کا رہائشی ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگرد کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، تین میگزین اور 60 گولیاں برآمد ہوئی ہیں ، دہشت گردوں کی فائرنگ سے زیر حراست تین ملزمان موقع پر ہلاک ہو گئے، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم کے گروپ سے ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کاکہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے ، دوران آپریشن ایک فوجی جوان بھی زخمی ہواہے۔

 سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق باقی دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

 

Advertisement