شجاع آباد: ( دنیا نیوز ) پنجاب کے شہر شجاع آباد میں 5 سالہ ہادی کے اغواء کے بعد گلہ دبا کر قتل کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے چند دنوں کے اندر اغواء اور اندھے قتل کو ٹریس کر کے ایک خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق شادی سے انکار پر ملزمہ نے آشنا کو سزا دینے کے لیے اس کے 5 سالہ بھتیجے کو اغواء کر کے گلہ دبا کر قتل کیا اور لاش کو گھر میں چھپا دیا جبکہ پولیس کارروائی کا معلوم ہونے پر اندھیرے میں لاش کو باہر گلی میں پھینک دیا۔
پولیس نے بتایا کہ مرکزی ملزمہ تہذیب اور اس کے بھائی دانش عرف سونو کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان اور مقتول کی فیملی ہمسائے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمہ تہذیب اور 5 سالہ مقتول کے چچا دلشاد کی آپس میں پرانی دوستی تھی اور ملزمہ دلشاد سے شادی کرنا چاہتی تھی جبکہ دلشاد نے 4 ماہ قبل کسی اور سے شادی کر لی تھی جس کا اسے رنج تھا اور اس کو سزا دینے کے لیے ملزمہ نے بچے کو گھر بلا کر گلہ دبا کر قتل کر دیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار کئے جانے والے ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔