سیہون: (دنیا نیوز) سیہون تھانے میں پولیس اہلکار مشتاق ہالیپوٹو نے ایس ایچ او سمیت عملے کو یرغمال بنا کر بھائی کو آزاد کروالیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکار مشتاق ہالیپوٹو نے اسلحے کے زور پر پولیس اسٹیشن کے عملے کو یرغمال بنا کر اپنے بھائی ملزم وسیم ہالیپوٹو کو زبردستی پولیس حراست سے فرار کرا دیا۔
پولیس اہلکار مشتاق ہالیپوٹو کیجانب سے اپنے بھائی ملزم وسیم ہالیپوٹو کی گرفتاری پر پولیس اہلکاروں کو گالم گلوچ، ملزمان نے پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچایا، اہلکار پیٹی بھائیوں کی جانب سے منت و سماجت کے بعد اسلحہ اور چھینے ہوئے موبائل فون واپس کرکے بھائی سمیت فرار ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد ایس ایچ او سیہون زاہد جہتیال احتجاجاً چارج چھوڑ گئے، ڈی آئی جی حیدرآباد نے سیہون تھانے میں ایس ایچ او سمیت پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنانے کا نوٹس لے لیا۔
اے ایس پی سیہون محمد بیدار بخت نے بتایا کہ تھانے پر پولیس اہلکار مشتاق ہالیپوٹو سمیت 4 ملزمان کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ پولیس اہلکار مشتاق ہالیپوٹو کو نوکری سے بھی برطرف کردیا گیا ہے۔