کراچی : (ویب ڈیسک ) سندھ کچے کے علاقے میں آپریشن کے لیے سپیشل فورس تیار کرلی گئی، جرائم کے خاتمے کے لیے یہ فورس اہم کردار ادا کرے گی۔
ایس ایس پی گھوٹکی تنویر تنیو نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خفیہ فورس کسی بھی موقع پر سب کے سامنے موجود نہیں ہوگی، فورس کے بارے میں آئی جی سندھ یا مجھے پتہ ہوگا۔
ایس ایس پی گھوٹکی نے مزید بتایا کہ منگل کو 2 مغویوں کو بازیاب کرایا گیا ہے، بازیاب ہونے والوں میں ایک ڈاکٹر بھی تھا۔
تنویر تنیو نے کہا کہ لوگ مختلف لالچ کا شکار ہوکر ٹریپ ہو جاتے ہیں، پولیس کو اس وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ڈاکو کو منشیات کی سہولیات بھی میسر ہیں، ایک ہزار پولیس اہلکار گھوٹکی کچے میں تعینات کیے ہیں۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ گھوٹکی کے مقام پر 140 کے قریب ڈاکو موجود ہیں جنہوں نے بنکرز بنائے ہوئے ہیں، ڈاکوؤں سے مقابلے کے لیے اسنائپرز تعینات کیے جارہے ہیں، آئی جی سندھ کے احکامات پر چوکیوں کی تعمیر جاری ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کچے کے علاقے میں پولیس کا ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن 46 روزمیں داخل ہوگیا ، پولیس نے نو گو سمجھا جانے والا اندرون کچہ کا اکثریتی علاقہ جرائم پیشہ عناصر سے آزاد کروا لیا۔
آپریشن میں خطرناک گینگز کے درجنوں ٹھکانے تباہ کیے جا چکے ہیں ۔