کوئٹہ : (دنیانیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) نے ایک کارروائی کے دوران ٹرک سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے بلوچستان سے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
اے این ایف کی جانب سے انسداد منشیات کے لیے بلوچستان میں 6 مختلف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق پشین میں واقع یارو ریلوے کراسنگ کے قریب ٹرک سے 400 کلوگرام چرس برآمد کرکے کوئٹہ کے رہائشی 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کاکہنا ہے کہ ملزمان منشیات گلستان سے اندرون سندھ سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کوئٹہ میں میر احمد روڈ پر واقع فلیٹ پر چھاپا مارا گیا، جہاں سے 40 کلوگرام چرس برآمد کرکے کوئٹہ ہی کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایک اور کارروائی میں پاک افغان بارڈر چمن پر ملزم سے 2 کلو 290 گرام مشکوک مواد برآمد کرلیا گیا، چمن کا رہائشی ملزم پاکستان سے افغانستان جانے کی کوشش کر رہا تھا ، چمن، پنجگور اور نوکنڈی سے بالترتیب 68 لیٹر ہائیڈروکلورک ایسڈ، 17 کلو چرس اور 60 کلو افیون برآمد کرلی گئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق برآمدشدہ منشیات بیرون ملک سمگلنگ کی غرض سے غیر آباد علاقے میں ذخیرہ کی گئی تھی، گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ۔