لاڑکانہ : ( دنیا نیوز ) سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں رقم کے لین دین کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص قتل ہوگیا۔
لاڑکانہ پولیس کے مطابق باقرانی تھانہ کی حدود میں گاؤں گنجا تونیو میں رقم کے لین دین کے تنازع پر 30 سالہ شخص جاں بحق جبکہ دو معصوم بھائی بہن زخمی ہوئے۔
پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونیوالے شخص کی شناخت 30 سالہ دوکاندار عمران سانگی کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں 8 سالہ بھائی اسلم میمن اور 7 سالہ بہن عصمہ شامل ہیں جنہیں تشویشناک حالت میں چانڈکا ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔
پولیس نے بتایا کہ تین ماہ قبل پنھور برادری کے دو گروپوں کے درمیان رقم کے لین دین کے تنازع پر جھگڑا ہوا تھا، آج پھر سے ملزمان نے فائرنگ کرکے دوکان پر بیٹھے عمران سانگی کو قتل کردیا جبکہ دوکان پر سامان لینے والے دو معصوم بچوں کو زخمی کردیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں جن کی گرفتاری کے لئے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔