کراچی: ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت کے علاقے سہراب گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث ملزم ہلاک ہوگیا۔
کراچی پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ کے علاقے میں ڈکیت گینگ کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا تو ملزمان کی جانب سے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی گئی۔
حکام نے بتایا کہ جوابی فائرنگ کے دوران پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ اسکے ساتھی فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لئے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزم کا گروپ 4 سے 5 ڈاکوؤں پر مشتمل ہے، ہلاک ملزم پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا مرکزی کردار تھا، ملزمان کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہو ئے تھے۔