کراچی: ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک اہلکار شہید جبکہ ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔
ایس ایس پی ملیر بلال نصیر کے مطابق تھانہ میمن گوٹھ پولیس کا ملزمان سے مقابلہ ہوا جس کے دوران ایک ملزم ہلاک اور دو کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ملزمان کی جانب سے کی گئی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔
بلال نصیر نے بتایا کہ 2 موٹر سائیکلز پر 5 جوان گشت پر مامور تھے کہ دوران گشت ان کا سامنا مارو گوٹھ کے پاس لوٹا ماری میں مصروف ملزمان سے ہوا، پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل عمران اور ایک راہگیر زخمی ہوا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک اور 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 3 پستول 30 بور برآمد ہوئے ، زخمی کانسٹیبل کو بغرض علاج معالجہ ہسپتال روانہ کیا گیا جوکہ ہسپتال میں شہید ہوگیا۔