کچرا کنڈیوں میں نوزائیدہ بچوں کی لاشیں پھینکنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

Published On 03 July,2023 05:17 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد سمیت سندھ بھر میں کچرا کنڈیوں میں نوزائیدہ بچوں کی لاشیں پھینکنے پر قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق نومولود کی لاشیں پھینکنا قانونی طور پر جرم ہے، آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے نوزائیدہ کی لاشیں ملنے اور ان کی تدفین سے قبل قانونی کارروائی کی ہدایت کر دی، اس سلسلہ میں سندھ پولیس کو احکامات بھی جاری کر دیئے گئے۔

آئی جی سندھ کے مطابق یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ کچرا کنڈیوں یا سنسان مقامات سے نوزائیدہ کی لاشیں ملتی ہیں، رفاحی اداروں کے تحت نوزائیدہ بچوں کی لاشیں سپرد خاک کر دی جاتی ہیں، رفاحی اداروں کو پابند کیا جائے کہ لاش ملنے پر پولیس کو مطلع کیا جائے۔

غلام نبی میمن نے حکم نامہ جاری کیا کہ لاشوں کو ہسپتال منتقل کر کے قانونی کارروائی مکمل کی جائے، متعلقہ ہسپتال میں موجود ایم ایل او لاش کا معائنہ کرے، لاشیں تدفین کے لیے رفاحی اداروں کو دیتے وقت بھی قانون کے مطابق کارروائی کرنا ہو گی۔