پولیس بجلی چوروں سے مل گئی، 55 ہزار شکایات پر 20 ہزار مقدمات درج، صرف 528 ملزم پکڑے

Published On 25 July,2023 07:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجلی چوروں کے خلاف کارروائی میں پولیس بڑی رکاوٹ بن گئی، دستاویزات نے بھانڈا پھوڑ دیا۔

دستاویز کے مطابق بجلی کمپنیوں کی جانب سے محکمہ پولیس کو 55 ہزار 204 بجلی چوروں کی شکایات کی گئیں، پولیس نے 50 فیصد بجلی چوروں کے خلاف کارروائی نہیں کی۔

پولیس نے 55 ہزار شکایات پر صرف 20 ہزار 616 ایف آئی آرز درج کیں، 20 ہزار ایف آئی آرز میں صرف 528 بندوں کو پکڑا گیا، سب سے زیادہ بجلی چوری کی شکایات لیسکو میں ریکارڈ کی گئیں۔

دستاویز کے مطابق لیسکو میں 20 ہزار کے قریب شکایات ہوئیں، 11 ہزار ایف آئی آر درج ہوئیں، لیسکو میں صرف 76 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

میپکو میں 14 ہزار 795 شکایات پولیس کو موصول ہوئیں، 14 ہزار 795 میں صرف 4 ہزار ایف آئی آرز ہوئیں، میپکو میں صرف 283 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

اسی طرح سیپکو میں 6 ہزار 475 شکایات ہوئیں، صرف 23 ایف آئی آرز درج ہوئیں، کیسکو میں صرف 52 ایف آئی آرز درج ہوئیں۔