جہلم: (دنیا نیوز) پولیس نے تین خواتین سمیت چار افراد کے قتل میں ملوث 4 ملزمان کو 72 گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے 3 روز قبل تھانہ کالا گجراں کے علاقہ لنگرپور میں فائرنگ کر کے 3 خواتین اور 1 مرد کو قتل کر دیا تھا، فائرنگ سے ربعیہ، شمائلہ، آسیہ اور نعمان موقع پر جاں بحق ہو گئے تھے، ملزمان کی شناخت رضوان عزیز، علی حیدر، علی حسن اور محمد عمر کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا کہ پرانی رنجش کی بنیاد پر خون کی ہولی کھیلی گئی، ایس ایچ او کالا گجراں ملک نثار احمد اور ٹیم نے ملزمان کو قلیل وقت میں گرفتار کیا، ملزمان چاہے کتنے ہی شاطر ہوں قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم نے ایس ایچ او کالا گجراں اور ان کی ٹیم کو شاباش دی اور ان کو تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔