اسلام آباد میں غیرقانونی مقیم 25 غیر ملکیوں کو حراست میں لے لیا گیا

Published On 14 September,2023 10:50 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے احکامات پر اسلام آباد میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کے دوران مختلف علاقوں سے 25 غیر ملکیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق 14 فارن ایکٹ کے تحت 57 غیر قانونی مقیم غیر ملکی اڈیالہ جیل منتقل کیے جا چکے ہیں، زیر حراست غیر ملکیوں کو ان کے ملک بھجوانے کے انتظامات عمل میں لائے جا رہے ہیں، پاکستان میں قیام ملکی قوانین کے مطابق ہی ممکن ہے۔

ذرائع کے مطابق غیر قانونی رہائش پذیر افراد کی معاونت کرنے والے پاکستانیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم افراد کو رہائشی، مالی اور روزگار کی شکل میں معاونت کرنا جرم ہے، پاکستانی قوانین کا احترام کیجئے اور کسی بھی ایسی سرگرمی کی اطلاع پکار 15 پر دیں۔