لاہور: (دنیا نیوز) کاہنہ کے علاقے سے لاپتہ ہونے والے چار بچوں کا قاتل سگا باپ نکلا،سفاک ملزم نے ایک بیٹے اور تین بیٹیوں کو ناشتے کے بہانے قصور لے جا کر نہر میں پھینک دیا۔
افسوسناک واقعہ کاہنہ میں پیش آیا، یکم اکتوبر کو لاپتہ ہونے والے چار بچوں کے قتل کا اعتراف سگے باپ عظیم نے کرلیا، بچوں کی جان لینے کے بعد خود اغواء کا ڈرامہ رچایا اور مقدمہ کا مدعی بن کر واویلا کرتا رہا۔
مقدمہ کے مدعی بنے بیٹھے ملزم نے پولیس کو بتایا کہ 12 سالہ صابر ، 9 سالہ سمعیہ ، پانچ سالہ نبیہہ اور دو سالہ عائشہ کو قصور کی للیانی نہر میں پھینک چکا ہے۔
ملزم ایک بیٹے اور پانچ بیٹیوں کا باپ ہے ، سب سے چھوٹی بیٹی کی پیدائش ایک ہفتہ قبل ہوئی، پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم عظیم اپنے بچوں سے غیر اخلاقی حرکات میں بھی ملوث تھا۔
ملزم عظیم کی نشاندہی کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے بچوں کی لاشیں نکالنے کے لیے نہر میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کی برآمدگی اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل مکمل ہونے تک ملزم سے تفتیش جاری رہے گی۔