کراچی: پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 17 ملزمان گرفتار، ایک فرار

Published On 03 October,2023 05:22 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 2 زخمیوں سمیت 17 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

کراچی کے علاقے ماڑی پور مچھر کالونی میں 2 ڈاکو لوٹ مار میں مصروف تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس کو دیکھتے ہی ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی کے دوران ایک ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، گرفتار ملزم کی شناخت زین العابدین کے نام سے ہوئی ہے، ملزم سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی، مقدمہ درج کر کے فرار ہونے والے ساتھی کی تلاش شروع کر دی گئی۔

ادھر شاہ لطیف ٹاؤن میں بھی مبینہ پولیس مقابلہ کے بعد ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا، دونوں کی شناخت شیراز اور جمیل کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار ملزموں سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ مومن آباد میں پولیس نے فیکٹری پر چھاپہ مار کر بڑی مقدار میں گٹکا برآمد کر لیا جبکہ اس دوران 14 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، پولیس نے 16 پیکنگ مشینیں بھی قبضے میں لے لیں۔