ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر آئے سب انسپکٹر کیخلاف کیس پراپرٹیز جمع نہ کروانے پر مقدمہ درج

Published On 12 October,2023 01:04 am

کراچی: (دنیا نیوز) ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر تعینات سب انسپکٹر لاکھوں کی رقم سمیت دیگر اشیا جمع کرائے بغیر سندھ پولیس میں واپس چلا گیا۔

رقم سمیت 5 کیس پراپرٹیز جمع نہ کرانے پر سب انسپکٹر ابوعمیر کیخلاف اینٹی کرپشن سرکل میں مقدمہ درج کرا دیا، کیس پراپرٹیز میں 11 لاکھ روپے سے زائد کیش، اصل کیس فائلیں، آئی فون 14 سمیت 2 فون جبکہ دیگر اشیاء میں ایک گاڑی، رجسٹریشن پیپر اور مختلف قومی شناختی کارڈز شامل ہیں۔

کیس پراپرٹیز مختلف مقدمات میں نامزد ملزمان سے تحویل میں لی گئی تھیں، سب انسپکٹر سید ابو عمیرسندھ پولیس سے ایف آئی اے میں تعینات ہوا تھا، ابوعمیر منی چینجر سے ہزاروں ڈالرز ہتھیانے کے الزام میں درخشاں تھانے کے 2 مقدمات میں ضمانت پر ہے۔

دونوں واقعات میں ابوعمیر اور دیگر کیخلاف انکوائری ایف آئی اے میں بھی جاری ہے، ابوعمیر ان مقدمات میں نامزدگی کے باعث ایف آئی اے میں اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر بھی رہا، غیر حاضری کے باعث 14 جولائی 2023ء کو محکمہ پولیس واپس جانے کے احکامات جاری کئے گئے تھے۔