کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

Published On 14 October,2023 04:10 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے بعد 5 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

کراچی کے علاقے نیشنل ہائی وے لنک روڈ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے بعد دو زخمیوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمان سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی، پولیس کے مطابق ملزمان موٹرسائیکل لفٹنگ کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

کراچی کے علاقے سٹیل ٹاؤن میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا جس کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا جبکہ دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو سنگین وارداتوں میں ملوث ہے۔

لیاری میں بھی پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، گلشن حدید فیز ٹو چوکی کے قریب سے بھی ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا، ملزم کی شناخت میر حسن کے نام سے ہوئی ہے۔

ادھر کراچی کے علاقے کھارادر شاہ بخاری درگاہ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، مرنے والے شخص کی شناخت حماس کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے لاش ہسپتال منتقل کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔