کراچی: (دنیا نیوز) شارجہ سے کراچی میں آئی فونز کی سمگلنگ کے ذریعے منی لانڈرنگ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے، سمگلرز کی جانب سے رقم کا انتظام حوالہ ہنڈی کے ذریعے کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آئی فونز کی خریداری کیلئے 13 کروڑ روپے قانونی ذرائع سے دبئی منتقلی کے شواہد نہیں ملے، پاکستان سے رقوم کی منتقلی کا ای فارم موجود نہیں، سٹیٹ بینک سے اجازت بھی نہیں لی گئی، سمگلنگ کے تمام معاملات واٹس ایپ گروپوں میں ڈیل کیے جاتے ہیں، بیرون ملک مفرور ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کی کارروائی کی جا رہی ہے۔
جناح ٹرمینل پر سمگلرز سے کسٹمز اور دیگر اداروں کے اہلکار ملوث ہونے کی تحقیقات جاری ہیں، 168 جدید آئی فونز کسٹمز انٹیلیجنس نے کراچی ایئرپورٹ پر 4 مسافروں سے ٹرمینل بلڈنگ کے باہر سے برآمد کئے، گرفتار ملزمان صابر علی، اویس بن عمار اور علی خان کے ہینڈلرز کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا۔
چاروں مسافر مبینہ سہولت کاروں کی مدد سے گرین چینل کے ذریعے ائیر پورٹ سے باہر آ گئے تھے، دبئی میں موجود ہینڈلرز عرفان ماما، یاسین الطاف عرف بلوانی بھائی کیخلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا، گروہ کا ماسٹر مائنڈ کاشف میمن عرف چھوٹا میمن دبئی میں ہے۔