کراچی: مبینہ پولیس مقابلے، 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، حملے میں ڈاکٹر زخمی

Published On 25 October,2023 05:11 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے بعد 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، ڈکیتی مزاحمت پر ملزموں نے ڈاکٹر کو زخمی کر دیا۔

کراچی کے علاقے تھانہ سٹیل ٹاؤن کی حدود میں 2 ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس پہنچی تو ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی کے دوران گولیاں لگنے سے ایک ملزم کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا جبکہ دوسرا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ادھر سمیرا چوک پرڈ اکوؤں سے مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیے، دونوں کی شناخت علی نواز اور حفیظ کے نام سے ہوئی ہے، ڈاکو شہری سے لوٹ مار کے بعد فرار ہوئے تھے، قبضے سے اسلحہ، موٹرسائیکل، موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے بلدیہ نمبر 4 لکڑی مارکیٹ کے قریب ڈاکٹر اپنے کلینک کے پاس کھڑا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے حملہ کیا اور فرار ہو گئے، واقعے میں ڈاکٹر زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔