کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں مختلف گوداموں پر چھاپے مار کر کروڑوں روپے کا سمگل کیا گیا سامان برآمد کر لیا گیا۔
پاک رینجرز سندھ اور کسٹمز انٹیلی جنس نے خفیہ اطلاعات پر بھاری نفری کے ہمراہ سمگلنگ کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کیا، فورسز نے یوسف گوٹھ بلدیہ ٹاؤن میں واقع خفیہ گوداموں پر چھاپے مارے۔
چھاپوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کا بھاری مقدار میں سمگل شدہ کپڑا، پی وی سی پلاسٹک، ایرانی سرامکس ٹائلز، کراکری، سگریٹ، خشک دودھ،و چھالیہ، خوردنی تیل، کھوپرا، شیمپو، صابن اور مختلف نوعیت کی اشیائے خورونوش قبضے میں لے لیں۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق برآمد شدہ غیر قانونی سامان مزید قانونی کارروائی کے لئے 20 ٹرکوں کے ذریعے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا، غیر قانونی سمگلنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔