کراچی: مبینہ پولیس مقابلوں میں ڈاکو ہلاک، 4 گرفتار، 2 منشیات سمگلرز بھی پکڑ لیے

Published On 28 October,2023 03:17 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 4 ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، سعید آباد میں کارروائی کرتے ہوئے 2 منشیات سمگلرز کو بھی پکڑ لیا گیا۔

سرجانی ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو گولیاں لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا، دوسرے کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا جبکہ ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، ملزمان سے اسلحہ اور مال مسروقہ برآمد کر لیا۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن قبرستان کے قریب مبینہ طور پر پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزمان سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔

ڈیفنس فیز 7 میں بھی مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک اور ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ساتھی فرار ہو گیا، گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔

ادھر کراچی کے علاقے سعید آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 بین الصوبائی منشیات سمگلرز کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے 2 کلو سے زائد چرس برآمد کر لی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے دونوں کو مزید تفتیش کیلئے تھانے منتقل کر دیا۔