لاہور: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا منشیات کی سمگلنگ کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق 10 کارروائیوں میں 425 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کر کے ایک خاتون سمیت 7 ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔
کارروائیاں لاہور، کراچی، راولپنڈی، مستونگ، خیبر اور طورخم میں کی گئیں، اس دوران 3 کلو 355 گرام آئس، 4 کلو 690 گرام ہیروئن بھی برآمد کی گئی۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بحرین جانے والے مسافر سے 1 کلو 400 گرام آئس برآمد کی گئی، کراچی کوریئر آفس سے برطانیہ کیلئے بُک کئے گئے پارسل سے 3 کلو ہیروئن اور 240 گرام آئس برآمد ہوئی، ٹی چوک راولپنڈی میں دو ملزمان سے 1 کلو 40 گرام ہیروئن اور 1 کلو 25 گرام آئس پکڑی گئی، خاتون سمیت ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
آفریدی چوک کراچی کے قریب رکشا میں چھپائی گئی 66 کلو چرس برآمد کی گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق سپر ہائی وے کراچی پر دو انورٹرز میں چھپائی گئی 32 کلو 400 گرام چرس برآمد اور ملزم کو حراست میں لے لیا گیا، جناح کالونی کراچی کے قریب ملزم کے بیگ سے 9 کلو 600 گرام چرس پکڑی گئی۔
اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ نوشکی روڈ مستونگ میں واقع ایک مکان میں چھپائی گئی 100 کلو چرس اور 200 کلو افیون برآمد ہوئی، زخہ خیل خیبر کے علاقے میں چھپائی گئی 9 کلو چرس، نادرہ چوک، طورخم کے غیرآباد علاقے سے 690 گرام آئس برآمد کی گئی۔