مظفر گڑھ: (دنیا نیوز) مظفرگڑھ میں دوکمسن بہن بھائیوں سمیت تین بچوں کو اغوا کر لیا گیا، ایک بچہ بازیاب کرا لیا گیا، ایک کی لاش ملی جبکہ تیسرے کی تلاش جاری ہے، واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مظفرگڑھ کے علاقے خان گڑھ میں 8 دسمبر کو 2 بھائی بہن سمیت 3 بچوں کو اغوا کیا گیا، اہل علاقہ کی نشاندہی پر 11 دسمبر کو ملزم بلال کو گرفتار کر کے 7 سالہ علی حسن کو بازیاب کرا لیا گیا۔
پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران کھیت سے 3 سالہ عبداللہ کی لاش ملی جبکہ ڈیڑھ سالہ حفضہ کی تلاش میں تاحال کوئی کامیابی نہ مل سکی، بازیاب ہونے والے بچے کا کہنا ہے کہ ان کا رشتےدار بلال بہانے سے انہیں موٹرسائیکل پر بٹھا کر ساتھ لے گیا تھا۔
ڈی پی او سید حسنین حیدر کا کہنا ہے کہ لاپتہ بچی کی تلاش جاری ہے، معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔