ملتان میں مبینہ پولیس مقابلہ ، متعدد وارداتوں میں ملوث ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

Published On 27 December,2023 09:00 am

ملتان: (دنیانیوز) ملتان میں مبینہ پولیس مقابلے میں اقدام قتل، ڈکیتی اور رہزنی سمیت متعدد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ملزم کاشف عرف کاشی زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ ممتاز آباد کے علاقے میں تین مسلح موٹر سائیکل سواروں نے دنیا پور بائی پاس کے قریب واردات کی ، ملزمان راہگیر سے موٹر سائیکل 125، شناختی کارڈ اور 10/12 ہزار روپے نقدی لوٹ کر دنیا پور روڈ کی طرف فرار ہو رہے تھے ، وقوعہ کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ ممتاز آباد علی رضا نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملزمان کا تعاقب کیا۔

اسی دوران نامے والی چٹ کے قریب ڈاکوؤں نے پولیس کو قریب آتا دیکھ کر پولیس پر فائرنگ کر دی، پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی ، فائرنگ رکی تو 01 ڈاکو زخمی حالت میں پڑا ہے جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا تھا ۔

پولیس کا بتانا ہے کہ زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت کاشف عرف کاشی ولد عمر حیات قوم ہراج سے ہوئی ہے جبکہ دو ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے۔

پولیس کی جانب سے علاقے کی ناکہ بندی کروا دی گئی ہے اور فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ زخمی ڈاکو کو علاج معالجے کے لیے نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے چھینا گیا موٹر سائیکل 125 اور پسٹل 30 بور قبضہ پولیس میں لے لیے ہیں ۔

حکام کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو پولیس مقابلوں، اقدام قتل، رابری سمیت متعدد مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے جبکہ مزید کارروائی جاری ہے ۔