لاہور: (دنیا نیوز) بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کیلئے پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن مزید تیز ہوگیا، پنجاب پولیس نے مختلف وارداتوں میں مطلوب دو مزید اشتہاری متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر لئے۔
اشتہاری محمد ناصر 2022ء میں لودھراں میں ڈکیتی کی واردات کے بعد بیرون ملک فرار ہو گیا تھا، دوسرا اشتہاری جہانزیب سٹی ڈویژن پولیس رحیم یار خان کو ڈکیتی کے مقدمہ میں مطلوب تھا۔
پنجاب پولیس کی ٹیم دونوں اشتہاریوں کو دبئی سے لے کر وطن پہنچ گئی، رواں برس کے 8 روز میں بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی، ان مجرموں کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک سے گرفتار کیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اشتہاریوں کی گرفتاری پر پولیس ٹیموں کو شاباش دی، آئی جی پنجاب نے کہا کہ مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔