کراچی: (دنیانیوز) سی ٹی ڈی انوسٹی گیشن سیل اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مولانا تقی عثمانی پر حملے میں ملوث دہشت گرد گرفتار کرلیے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائی سولجر بازار کے علاقے میں کی گئی، ملزم کی شناخت سید محمد مہدی کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق ہوسٹائل انٹیلی جنس ایجنسی کی زینبیہ بریگیڈ سے ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم پڑوسی ملک کے لیے کام کرتا ہے، ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ ہائی ویلیو ٹارگٹ کی ریکی کرتا ہے ، ملزم کے ساتھی سید رضا جعفری اور عابد رضا ٹارگٹ کو قتل کرتے تھے، ملزم ہوسٹائل انٹیلیجنس ایجنسی سے ملنے والا اسلحہ اپنے گھر میں رکھتا تھا۔
حکام کے مطابق ملزم ٹارگٹ کو نشانہ بنانے کے لیے اسلحہ اور دستی بم نہ صرف اپنے ساتھیوں کو فراہم کرتا تھا بلکہ اسلحہ کی خرید وفروخت کا کام بھی کرتا ہے، ملزم نے مخالف فرقے سے تعلق رکھنے والے کئی شخصیات کو ٹارگٹ کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد سے مزید تفتیش جاری ہے۔