کراچی، حیدر آباد: پولیس کی کارروائیاں، ایک ملزم ہلاک، 2 گرفتار، شہری کی لاش برآمد

Published On 26 January,2024 04:20 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی اور حیدر آباد میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ملزم کو ہلاک، 2 کو گرفتار کر لیا، نامعلوم افراد نے شہری کو بھی قتل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر دم توڑ گیا، ہلاک ملزم کے قبضے سے پستول، میگزین، گولیاں اور چھینی گئی مسروقہ کار برآمد کر لی ہے۔

ادھر کراچی کے علاقے بولٹن مارکیٹ گودام سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جسے نامعلوم افراد کی جانب سے گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ملزموں کی تلاش کیلئے تفتیش شروع کر دی ہے۔

سینٹرل عزیز آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، ملزم سے ایک عدد نائن ایم ایم پسٹل بمعہ 7 راؤنڈ لائسنس یافتہ برآمد کر لیا، ملزم کی شناخت عتیق الرحمان کے نام سے ہوئی، مقدمہ درج کر کے تھانے منتقل کر دیا۔

دوسری جانب حیدرآباد میں جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کیلئے چھاپے کے دوران پولیس پارٹی کو مزاحمت کر سامنا کرنا پڑ گیا، پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔