کندھ کوٹ : (دنیانیوز) کندھ کوٹ میں بدامنی کی آگ بجھ نہ سکی، ڈاکوؤں نے سبزی منڈی سے رکشہ چلانے والے مزدور کو اغوا کر لیا۔
کندھ کوٹ میں ڈاکو بے لگام اور پولیس خاموش ہے ، ڈاکوؤں نے سبزی منڈی سے رکشہ چلانے والے مزدور کو اغوا کیا، اغوا ہونے والے شاہ محمد کو ڈاکو کچے کی طرف لے کر فرار ہو گئے۔
سبزی منڈی کے پاس ہی پولیس چوکی ہے، پولیس کوئی کارروائی نہ کر سکی۔
اس سے قبل بھی کندھ کوٹ کے قریب کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے پرائمری ٹیچر کو سکول جاتے ہوئے شہید کر دیا تھا، اللہ رکھیو نندوانی کچے کے ڈاکوؤں کے خطرے کے باوجود بچوں کو پڑھانے کیلئے سکول پہنچتے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سندھ میں کندھ کوٹ اور کشمور کے کچے کے ڈاکو ایک سال میں 400 افراد کو اغوا کرچکے ہیں، گزشتہ چند روز کے دوران کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں 2 یرغمالی مارے جاچکے ہیں۔