کراچی میں جرائم کا سلسلہ نہ تھم سکا، مزاحمت پر شہری زخمی، مبینہ مقابلوں میں 3 گرفتار

Published On 03 April,2024 04:17 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں جرائم کا سلسلہ نہ تھم سکا، ڈاکوؤں نے دودھ کی دکان لوٹ لی، مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا، کراچی اور سکھر میں پولیس نے کارروائی کر کے 3 ملزم گرفتار کر لیے جبکہ 2 فرار ہو گئے۔

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سعید آباد میں موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو دودھ کی دکان میں داخل ہوئے اور کیش کاؤنٹر سے رقم لوٹ کر فرار ہو گئے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم دودھ کی دکان سے رقم لوٹ رہے ہیں۔

ادھر گلشن حدید میں نامعلوم ملزمان نے مزاحمت پر ایک شہری کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، متاثرہ شخص کی شناخت تنویر کے نام سے ہوئی، پولیس نے نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

کراچی کے علاقے صدر میں شالیمار بس اڈے کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا، ملزم کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی، گرفتار ملزم سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد ہوا، پولیس نے ملزم کو تھانے منتقل کر دیا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی سعود آباد میں پولیس نے کارروائی کر کے گودام سے لاکھوں روپے کی نان کسٹم پیڈ اشیاء برآمد کر لیں، موقع سے ایک ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا، پولیس نے ضبط شدہ اشیاء مزید کارروائی کیلئے کسٹم کے حوالے کر دیں۔

ادھر سکھر کے علاقے تھانہ اے سیکشن کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ملزم سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا، گرفتار ملزم متعدد سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔