کراچی :(دنیا نیوز) پرانا گولیمار اور میوہ شاہ میں پولیس کا سرچ آپریشن، منشیات نیٹ ورک آپریٹ کرنے والی خاتون ملزمہ سمیت چار افراد گرفتار کر لئے۔
ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کا کہنا ہے کہ کامیاب آپریشن کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 کلو 275 گرام کرسٹل برآمد کرلی گئی، گرفتار منشیات فروشوں کی شناخت محمد ریاض،اقبال،زبیر مصطفٰی اور مریم کے ناموں سے ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوران آپریشن خالد عرف حاجی عابد اور اللہ بخش عرف علوک نامی منشیات فروش فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش منشیات نیٹ ورکس کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کی ہیں، ملزمان نے بیرون ملک میں مقیم منشیات مافیا کے ارکان سے رابطوں کا انکشاف کیا ہے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزمان نے بلوچستان سے کراچی اور کراچی کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرنے کے لئے خواتین کا استعمال کرنے کا بھی انکشاف کیا، ملزمان پرانا گولیمار میں بھی خواتین کے ذریعے منشیات پہنچانے کے بعد حاجی ریاست اور حاجی عابد نامی منشیات ڈیلروں کے گھر میں چھوٹے پیکٹس میں پیک کرتے جسے بعد میں منشیات کے عادی افراد کوفروخت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایک اور آپریشن میں 3 گٹکا فروش بختیار،طلحہ اور حمزہ کو بھی گرفتار کرکے150 سے زائد مضر صحت گٹکا ماوا کی پڑیاں برآمد کرلیں، گرفتار منشیات فروشوں و گٹکا فروشوں کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔