ڈکیتی مزاحمت پر 3 زخمی، مبینہ مقابلے، 4 ملزم گرفتار، ایمبولینس میں چھالیہ کی ترسیل ناکام

Published On 08 June,2024 06:48 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر خاتون سمیت 3 افراد زخمی، مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 4 ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ ایمبولینس میں چھالیہ اور گٹکے کی ترسیل ناکام بنا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں مواچھ گوٹھ رینجرز چوکی کے قریب لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے خاتون سمیت 2 افراد کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہو گئے جبکہ فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے، متاثرین کی شناخت 35 سالہ جاسم اور 18 سالہ آسیہ کے ناموں سے ہوئی، کورنگی الیاس گوٹھ میں بھی ڈاکوؤں نے شعیب نامی شہری کو زخمی کر دیا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے سپر ہائی وے فقیرہ گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران 2 ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، دونوں ملزم ڈکیتی اور راہزنی سمیت مختلف نوعیت کی وارداتوں میں ملوث تھے، پولیس نے اسلحہ برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا۔

کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں بھی پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا، ملزم سے اسلحہ اور چھینے گئے موبائل فون برآمد ہوئے ہیں، گرفتار ڈاکو کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سندھ کے علاقے شکارپور میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے، پولیس نے گرفتار ملزم سے اسلحہ برآمد کر کے فرار ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز ٹو میں پولیس مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو ملزم شہری سے لوٹ مار کر رہے ہیں اس دوران بینک سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں نے ملزمان کا پیچھا کیا اور دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم اسامہ ہلاک اور اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔

کراچی میں موچکو پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے چھالیہ اور گٹکے ماوے سے بھری پرائیویٹ ایمبولینس پکڑ لی اور ایمبولینس کو قبضے میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔