حیدر آباد: (دنیا نیوز) سی ٹی ڈی نے حیدرآباد میں کارروائی کر کے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر اینڈ ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی جانب سے خفیہ معلومات پر کارروائی حیدر آباد کے علاقے جامشورو میں کی گئی، کارروائی کے دوران تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد کو حراست میں لے لیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے دہشتگرد کی شناخت زمان عرف عادل کے نام سے ہوئی، دہشتگرد سے نقدی و موبائل فونز برآمد کر لیا، گرفتار دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ اور دہشتگردی کی سرگرمیوں میں ملوث رہا۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے سدا میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی آئی ای ڈی سے ٹکرا گئی، دھماکا خیز مواد پھٹنے سے 5 جوان شہید ہو گئے ہیں، شہداء میں حوالدار عقیل احمد، لانس نائیک محمد تافیر، سپاہی انوش رفون، سپاہی محمد اعظم خان اور سپاہی ہارون ولیم شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے حوالدار عقیل احمد شہید کی عمر 33 سال ہے، حوالدار عقیل احمد شہید نے 14 سال تک پاک فوج میں خدمات سر انجام دیں، حوالدار عقیل احمد شہید نے سوگواران میں اہلیہ، 1 بیٹی اور 1 بیٹا چھوڑے ہیں۔
ضلع پونچھ آزاد کشمیر کے لانس نائیک محمد تافیر شہید کی عمر 30 سال تھی، لانس نائیک محمد تافیر شہید نے 11 سال پاک فوج میں گزارے، لانس نائیک محمد تافیر شہید کے سوگواران میں اہلیہ، 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔
سپاہی محمد اعظم خان شہید ضلع ہری پور کے رہائشی تھے، جن کی عمر 26 سال تھی، دفاع وطن کا فریضہ انجام دیتے ہوئے سپاہی محمد اعظم خان شہید 7 سال پاک فوج میں رہے، سپاہی محمد اعظم خان شہید نے سوگواران میں اہلیہ چھوڑی۔
ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والے سپاہی انوش رفون شہید کی عمر 24 سال تھی، سپاہی انوش رفون شہید نے 5 سال تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، سپاہی انوش رفون شہید کے سوگواران میں والد شامل ہیں۔
سپاہی ہارون ولیم شہید کا تعلق ضلع اسلام آباد سے ہے، سپاہی ہارون ولیم شہید کی عمر 29 سال ہے جو 7 سال تک پاک فوج میں تعینات رہے، سپاہی ہارون ولیم شہید نے سوگواران میں اہلیہ چھوڑی۔