لاڑکانہ: (دنیا نیوز) سندھ پولیس نے لاڑکانہ اور سانگھڑ میں کارروائیاں کر کے مغوی خاتون اور پولیس اہلکار کو بازیاب کروا لیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے خفیہ معلومات کی بنا پر لاڑکانہ میں نادرا آفس کے علاقے میں کارروائی کی، اس دوران اغواء کاروں کی جانب سے بھرپور مزاحمت بھی کی گئی تاہم پولیس نے مغوی خاتون کو بازیاب کروا کر اغوا کار خاتون سمیت 5 ملزموں کو گرفتار کر لیا، مغوی خاتون کو 3 روز قبل اغوا کیا گیا تھا۔
دوسری جانب 25 روز قبل کشمور میں پولیس چوکی سے اغوا ہونے والے پولیس اہلکار کو بھی بازیاب کروا لیا گیا، مغوی اہلکار کی شناخت علی رضا لغاری کے نام سے ہوئی، پولیس اہلکار کے آبائی علاقے سانگھڑ پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی قید میں بہت مشکل وقت گزرا، اکثر اوقات بھوکا رکھتے تھے، صرف زندہ رکھنے کیلئے کھانا دیا جاتا تھا، ڈاکوؤں کی اگر کوئی مجبوری نہ ہو تو وہ اہلکاروں کو جان سے مار دیتے ہیں، میں شکر ادا کرتا ہوں آج اپنے ماں باپ اور بچوں میں واپس آگیا ہوں۔