کوئٹہ: (دنیا نیوز) 100 سے زائد نان کسٹم پیڈ گاڑیاں محکمہ کسٹمز کے حوالے کر دی گئیں۔
پولیس اور ٹریفک پولیس نے کوئٹہ میں مختلف کارروائیوں میں 100 سے زائد گاڑیوں کو کسٹمز کے حوالے کر دیا، آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے پکڑی گئی تمام گاڑیاں چیف کلکٹر کسٹمز بلوچستان محمد یعقوب کے حوالے کیں۔
آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ تمام گاڑیوں کو جلد نیلام کر کے رقم قومی خزانے میں جمع کی جائے گی، پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے اس طرح کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
عبدالخالق شیخ نے کہا کہ نان کسٹم پیڈ اور غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، پولیس نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندیوں کے دوران نان کسٹم گاڑیوں کیخلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کر رہی ہے، بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم پر نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔