لاہور: (دنیا نیوز) گارڈن ٹاؤن ٹک شاپ میں لڑکیوں کی جانب سے نوجوان پر تشدد کیس نے نیا رُخ اختیار کر لیا۔
تشدد کے شکار نوجوان نے اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے سیشن کورٹ سے رجوع کرلیا، ایڈیشنل سیشن جج عمران صفدر نے پولیس افسران کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل جواب طلب کر لیا۔
نوجوان نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ ٹک شاپ پر کام کے دوران خواتین نے بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا، تھانہ گارڈن ٹاؤن کے ایس ایچ او کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے درخواست دی۔
درخواست میں نوجوان نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے ہماری مرضی کے بغیر ملزمان سے صلح کرانے کی کوشش کی، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پولیس افسران کو بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دے۔