ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے اور اقدام قتل کے مجرم کو سزائے موت

Published On 13 July,2024 06:57 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے اور اقدام قتل کا جرم ثابت ہونے پر عدالت نے سٹریٹ کریمنل شکور خان کو سزائے موت سنا دی۔

عدالت نے مجرم کو مقتول کے قانونی ورثا کو 3 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے مجرم شکور خان کو ڈکیتی اور اقدام قتل کے جرم میں مجموعی طور پر 19 سال قید کی سزا کا بھی حکم دیا جبکہ مجرم پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔

عدالت نے مفرور ملزم شوکت خان کے تاحیات وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، عدالت کا کہنا تھا کہ معاشی حب کہلانے والا کراچی جرائم کی لپیٹ میں ہے، ڈکیتی اور چھینا جھپٹی میں قتل کر دیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ 25 ستمبر 2018 کو ساجد اپنے دوستوں کے ساتھ اتحاد ٹاؤن میں واقع اپنے گھر کے باہر بیٹھا ہوا تھا، موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان آئے اور انہوں نے ساجد و دیگر سے موبائل فون مانگے۔

ساجد کے منع کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، ملزمان کی فائرنگ سے ساجد موقع پر جاں بحق ہوگیا، مقتول ساجد کے بھائی حبیب کی مدعیت میں اتحاد ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔