کراچی: قائد آباد میں 4 روز قبل ہونے والا پولیس مقابلہ مشکوک ہوگیا

Published On 13 July,2024 07:55 pm

کراچی :(دنیانیوز) کراچی کے علاقے قائد آباد میں 4 روز قبل ہونے والا پولیس مقابلہ مشکوک ہوگیا ہے۔

مجید کالونی میں ہوئے مبینہ پولیس مقابلے سے پہلے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی ہے، ویڈیو میں پولیس اہلکاروں کو ملزم عاطف کو موٹر سائیکل پر لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے، دوسری ویڈیو میں پولیس اہلکار کو ملزم عاطف پر گولیاں چلاتے دیکھا جا سکتا ہے، گولی لگنے کے بعد عاطف پولیس اہلکاروں کو فائرنگ روکنے کا کہتا ہے۔

 سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ملیر کہنا تھا کہ مشکوک مقابلے میں مارے گئے عاطف خان کی والدہ،چچا اور ماموں سے ملاقات ہوگئی،مقابلے کی ویڈیو وائرل ہونے سے پہلے کارروائی کا آغاز کردیا تھا جس اہلکار نے گولی چلائی اسے گرفتار کرلیا گیا۔

ایس ایس پی کا مزید کہنا ہے کہ واقعہ کی انکوائری جاری ہے، ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوگی اور واقعہ کے روز ہی 3 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا تھا۔