حیدرآباد: (دنیانیوز) حیدر آباد میں نوکری کا جھانسہ دے کر 3 نوجوانوں کو برما میں فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تینوں نوجوانوں کی بازیابی کیلئے اہل خانہ نے برما میں پاکستانی سفیر کو خط لکھ دیا، ورثا کاکہنا ہے کہ کاشف حسین ، فراز اور شیروز خان کو نوکری کا جھانسہ دے کر برما میں فروخت کیا گیا ہے۔
ورثا کاکہنا ہے کہ تینوں نوجوان 19 فروری 2024 کوبینکاک گھومنے کے لیے گئے، تینوں نوجوانوں کو ایک چینی شہری نے برما میں نوکری دلوانے کا جھانسہ دے کر فروخت کر دیا۔
ورثا کے مطابق تینوں نوجوانوں سے برما پہنچنے پر پاسپورٹ اور پیسے چھینے گئے اور ایک کمپنی کے حوالے کر دیا گیا، نوجوانوں نے بتایا کہ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، بڑی مشکل حالت میں ہیں۔
ورثا نے مطالبہ کیا کہ ہمارے بچوں کو بازیاب کروا کر انہیں ملک واپس لایا جائے۔