کراچی میں مبینہ مقابلے، 4 ملزم گرفتار، فائرنگ سے 2 اہلکار زخمی

Published On 12 July,2024 07:05 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 4 خطرناک ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا، ملزموں کی فائرنگ سے 2 اہلکار بھی زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے تھانہ سکھن کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، اس دوران ایک ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، گرفتار ڈاکو کی شناخت زاہد کے نام سے ہوئی، ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا ہے۔

دوسری جانب نیو کراچی کے علاقے انڈسٹریل ایریا میں پولیس کا مبینہ ڈاکوؤں کے ساتھ آمنا سامنا ہو گیا، فائرنگ کے تبادلے میں موٹر سائیکل لفٹر گینگ کے 2 کارندوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزموں سے اسلحہ، موبائل فون اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔

ادھر کراچی کے علاقے سائٹ ایریا پٹھان کالونی میں منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی کر کے ایک ملزم کو حراست میں لے لیا جبکہ ایک فرار ہو گیا، کارروائی کے دوران منشیات فروشوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، گرفتار ملزم کے قبضے سے ڈیڑھ کلو چرس بھی برآمد ہوئی ہے۔