لاڑکانہ: (دنیا نیوز)ٖ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) نے چھاپہ مار کر کروڑوں روپے کی غیر ملکی کرنسی برآمد جبکہ 4 ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔
ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل نے شاہی بازار میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپوں کی غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی، 4 ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا، جن میں امتیاز علی، رحیم بخش، ممتاز علی اور الطاف شامل ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے 2 کروڑ 66 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے برآمد کر لئے ہیں، برآمد کرنسی میں 11 ہزار 624 اماراتی درہم، 2810 سعودی ریال اور ایک سو امریکی ڈالر شامل ہیں۔
ایف آئی کے مطابق ملزمان سے قطری ریال، عراقی دینار، اماراتی سکے، امریکی سکوں اور پرائز بانڈ بھی برآمد کر لئے گئے تاہم ملزمان بغیر لائسنس غیر ملکی کرنسی ایکسچینج میں ملوث تھے۔
ایف آئی اے حکام کی جانب سے کی جانے والی کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی میں استعمال موبائل فونز بھی قبضہ میں لے لیا گیا جبکہ ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغٓاز کر دیا۔