کراچی: (دنیانیوز) پاکستان رینجرزسندھ اور سٹی پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کھارادر میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وارکمانڈر ایاز زہری گروپ سےتعلق رکھنے والےاور سٹریٹ کرائم میں ملوث انتہائی مطلوب 2 ملزمان گرفتار کرلیے ۔
ترجمان کے مطابق ملزمان میں امیر حمزہ اور حارث عرف ناک کٹا شامل ہیں ، ملزمان سے اسلحہ وایمونیشن بھی برآمد کرلیا گیا، ملزم حارث عرف ناک کٹا لیاری گینگ وار عبدالصمد عرف عرفان کے ساتھ براہ راست رابطے میں تھا ۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ ملزم بھتہ وصولی کےلیئے فائرنگ کرنے والے مختلف ملزمان کو اسلحہ و ایمونیشن فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سہولت کاری میں بھی ملوث رہا ہے، ملزم نے جنوری 2024 کو عبدالصمد عرف فرحان کے کہنے پر کمانڈر ایاز زہری گروپ میں شمولیت اختیار کی، 6جولائی 2024 کو ملزم امیر حمزہ اپنے دیگر ساتھیوں یوسف عرف موٹا، لیاری گینگ وار کمانڈر ایاز زہری ، ارسلان پٹنی اور عبدالصمد عرف فرحان کے ساتھ ملکر کھارادر پنجاب کلب زیر تعمیر عمارت میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک مزدور غلام حیدر نبی زخمی ہوا تھا ۔
ملزم کے ساتھی ایاز زہری نے بلڈر سے 2کروڑ بھتے کی ڈیمانڈ کی تھی ا ور بھتہ نہ دینے کی صورت میں فائرنگ کی تھی، ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں فائرنگ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ملزمان کے خلاف تھانہ کھارادر میں ایف آئی آر بھی درج ہے، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کارروائی کے لیے سٹی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔