کراچی: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن کے دوران ایک کروڑ روپے سے زائد کی منشیات برآمد کرلیں۔
اے این ایف ترجمان نے بتایا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے 5 کارروائیوں میں 9 ملزمان کو گرفتار کر کے ایک کروڑ 14 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 146.4 کلو گرام منشیات برآمد کی۔
ترجمان کے مطابق پشین، بلوچستان کے علاقے میں ریسٹورنٹ کے قریب کار سے 71 کلو چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ،پشاور میں پارک کے قریب کار میں چھپائی گئی 22.8 کلو چرس اور 8.4 کلو افیون برآمد کر کے 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
حکام نے مزید بتایا کہ ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب ٹرک کے خفیہ خانوں سے 38.4 کلو گرام چرس برآمد ہوئی اور دو ملزمان گرفتار ہوئے، کیماڑی کراچی میں گاؤں کے قریب سے 3.4 کلو جبکہ اسلام آباد کے ایف 10 مرکز میں ملزم کے قبضے سے 2.4 کلو چرس برآمد ہوئی۔
ترجمان اے این ایف محمد علی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔