پشاور میں گداگروں کے خلاف آپریشن، بھکاریوں کے 6 ٹھیکیدار گرفتار

Published On 24 January,2025 05:19 pm

پشاور: (دنیا نیوز) ضلعی انتظامیہ پشاور نے گداگروں کے خلاف آپریشن میں گداگروں کے 6 ٹھیکیدار گرفتار کر لئے، دیگر 18 ٹھیکیداروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق آپریشن کے دوران تحویل میں لئے گئے گداگروں کی تعداد 300 سے تجاوز کر گئی، گرفتار گداگروں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

گداگروں نے انکشاف کیا کہ کینٹ پشاور کلب چوک اور پیر زکوڑی پل چوک سب سے زیادہ کمانے والے مراکز ہیں، فی گداگر 12 ہزار روپے ٹھیکیدار کو روزانہ دینے کے پابند ہیں۔

بھکاریوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی روڈ، فیز تھری چوک، گھڑی قمر، ڈبگری گارڈن، چوک یادگار، پیپل منڈی، اندر شہر بازار، قصہ خوانی، خیبر بازار، شعبہ بازار بڑے مراکز ہیں۔

گداگروں نے انکشاف کیا کہ روزانہ پیشہ ور بھکاریوں کو ٹھیکیدار گاڑیوں میں ان مقامات تک پہنچاتے ہیں۔