کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر جامعہ کراچی کے ملازم کو قتل کر دیا گیا۔
واقعہ سپرہائی وے جمالی پل کلہاڑی چوک کے قریب پیش آیا، ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے 50 سالہ طارق کی جان لے لی، اطلاع پر پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا اور مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا بتایا جا رہا ہے جبکہ عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کی پولیس کسی ملزم کا تعاقب کر رہی تھی اس دوران ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی زد میں آکر طارق سعید شدید زخمی ہوگیا اور ہسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا جبکہ ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کی آواز سن کر سائٹ سپرہائی وے کی پولیس پارٹی موقع پر پہنچی تو شہری زخمی تھا، جسے فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال روانہ کیا گیا اور اس دوران سہراب گوٹھ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی تھی۔
مقتول طارق سعید جامعہ کراچی کا ملازم تھا اور شعبہ سمسٹر سیل میں تعینات اور سکیم 33 کا رہائشی تھا۔