بورے والا:(دنیا نیوز) پنجاب کے علاقے بورے والا میں کارسوار فیملی پر فائرنگ سے شوہر جاں بحق، بیوی اور بیٹی زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ سٹی کی حدود پل مجاہد کالونی پر پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سواروں نے کار پر فائرنگ کردی ، فائرنگ کی زد میں آکر شوہر موقع پر دم توڑ گیا ، مرنے والے کی شناخت ڈاکٹر نعمت علی کے نام سے ہوئی ہے۔
اسی طرح گولیاں لگنے سے خاتون ارم اور اس کی نو سالہ بچی شدید زخمی ہو گئے، پولیس نے مرنے والے شخص کی لاش اور زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا ۔
پولیس کا ابتدائی تفتیش کے حوالے سے کہنا تھا کہ زخمی ارم نے مقتول سے دوسری شادی کی تھی جبکہ خاتون کا کہنا تھا کہ میرا پہلا شوہر نشہ کرتا تھا جس سے طلاق لے کر دوسری شادی کی ۔
زخمی خاتون کا مزید کہنا تھا کہ میرے سابق خاوند عمر فاروق نے اپنے بھائیوں سے مل کر ڈاکٹر نعمت کوقتل کیا۔
واضح رہے مقتول اور زخمی خاتون کی شادی 12 روز قبل ہوئی تھی۔