پتوکی: ریٹائرڈ ٹیچر اغوا، قتل کرکے لاش کھیتوں میں پھینک دی

Published On 26 May,2025 05:19 am

پتوکی: (ویب ڈیسک) پتوکی میں ریٹائرڈ ٹیچر کو اغوا کر لیا گیا اور قتل کرکے لاش کھیتوں میں پھینک دی۔

رپورٹ کے مطابق مقتول محمد ذوالفقار نے ملزم اقبال کو سود پر رقم دے رکھی تھی، ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ سود سے تنگ آ کر قتل کیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ پتوکی کی رہائشی نائلہ ریاض نے اپنے 61 سالہ خاوند محمد ذوالفقار کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا، اغوا کا مقدمہ درج ہونے کے چند گھنٹوں کے بعد پولیس کو مغوی محمد ذوالفقار کی لاش مل گئی، ملزم نے ذوالفقار کو جسم کے مختلف حصوں پر چھریوں کے وار کر کے قتل کیا اور لاش کھیتوں میں پھینک دی۔

ڈی پی او محمد عیسیٰ خاں نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی پتوکی اور ایس ایچ او سٹی پتوکی کو فوری ملزمان کو ٹریس کرنے کی ہدایت کی، پولیس ٹیم نے چند گھنٹوں میں ملزم اقبال کو ٹریس کر کے گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا۔