کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں جائیداد کے تنازع پر چھوٹے نے بڑے بھائی کو قتل کر دیا۔
واقعہ سعید آباد تھانے کے علاقے بلدیہ ٹاؤن یوسف گوٹھ گھر میں پیش آیا، متوفی کی شناخت 40 سالہ خلیل الرحمٰن ولد عبدالرحمٰن کے نام سے کی گئی ہے، اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں فوری موقع پرپہنچ گئیں، نعش کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ مقتول خلیل الرحمٰن کو اس کے حقیقی چھوٹے بھائی مجیب الرحمٰن نے جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کرکے قتل کیا اور موقع پر سے فرار ہوگیا، پولیس نے ملزم مجیب الرحمٰن کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کر لیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ مقتول کو جائیداد میں حصہ مل گیا تھا اور اس نے بلدیہ یوسف گوٹھ میں اپنا گھر خریدا تھا لیکن چند روز قبل مقتول اپنے دو بھائیوں فضل اور مجیب کے گھر پہنچا اور دوبارہ جائیداد میں حصہ مانگا، انکار پر طیش میں آگیا۔
پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزم مجیب الرحمٰن کا مجرمانہ ریکارڈ پہلے سے موجود ہے اور وہ اس سے قبل بھی بغدادی، کھارادر اور دیگر تھانوں میں درج مقدمات میں متعدد بار گرفتار ہو چکا ہے۔