پشاور: معمولی تکرار پر ملزم نے بیوی، بہن اور بھائی کو قتل کر دیا

Published On 27 May,2025 09:42 am

پشاور: (شہزادہ فہد) پشاور کے تھانہ داودزئی کی حدود میں واقع ایک گھر میں کچن کے تنازع پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گھر کے اندر پیش آیا جہاں گھریلو تکرار کے دوران ملزم نے اپنی بیوی، بہن اور بھائی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا، جھگڑا گھریلو معاملات، بالخصوص کچن کے استعمال سے متعلق منہ زبانی تکرار کے بعد شدت اختیار کر گیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا، مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جبکہ مقامی افراد نے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔