کراچی: (دنیا نیوز) سٹی کورٹ کے ایڈیشنل ڈسرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں 53 کروڑ روپے کے بینک فراڈ کیس میں اداکارہ نادیہ حسین اور دیگر ملزم پیش ہوئے، ملزم فیصل اور امتیاز بھی عدالت میں پیش کئے گئے۔
وکلا نے دلائل دیئے کہ ملزم فیصل اور امتیاز چیکس پر دستخط کرتے تھے، دونوں کے دستخط سے جاری چیک عاطف خان کے اکاؤنٹ میں جمع ہوتے تھے، تینوں ملزمان نے نجی کمپنی کو کھوکھلا کر دیا تھا۔
وکلا نجی کمپنی کے مطابق عاطف خان کمپنی کا چیف ایگزیکٹو جبکہ فیصل اور امتیازچیف فنانس افسر تھے، فیصل کی تنخواہ ڈھائی لاکھ اور امتیازکی تنخواہ تین لاکھ روپے تھی۔
نجی کمپنی کے وکلا کے مطابق دونوں ملزمان کی ملی بھگت سے عاطف خان نے 53 کروڑ روپے اپنے بزنس میں لگائے، تینوں ملزمان نے نجی کمپنی کو 400 ملین کا نقصان پہنچایا، ملزم ضمانت کے مستحق نہیں عبوری ضمانت منسوخ کی جائے۔
محمد فاروق ایڈووکیٹ نے کہا کہ نادیہ حسین کو بینیفشری بتایا جا رہا ہے، نادیہ حسین کا پورے کیس میں کردار کیا ہے وہ نہیں بتایا جا رہا ہے، نادیہ حسین کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ ملزم عاطف خان کی بیوی ہے، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ کل تک محفوظ کر لیا۔